ممبئی:8/نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) کرناٹک ضمنی انتخابات میں اپنی اتحادی پارٹی بی جے پی کی حالیہ شکست پر شیوسینا نے طنز کستے ہوئے کہا کہ یہ اس کے بارے میں اشارہ دیتے ہیں کہ 2019کے عام انتخابات میں کانگریس کے لیے اچھے دن لوٹ آئیں گے۔ادھو ٹھاکرے کی زیرقیادت پارٹی (شیوسینا)نے یہ بھی کہا کہ ملک میں ہوئے لوک سبھا اور اسمبلی ضمنی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کی وجہ سے عام انتخابات سے پہلے کانگریس میں ایک نئی جان آ ئے گی۔پارٹی کے ترجمان اخبار ’سامنا‘میں طنز سے بھرپور اداریہ میں شیوسینا نے کہا کہ شاید ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے انتخابی وعدے کو نظر انداز کرنے اورکچھ دیگر ایجنڈا مسلط کرنے کی وجہ سے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کوکرناٹک میں شکست کامنہ دیکھناپڑا۔بی جے پی کامذاق اڑاتے ہوئے اداریہ میں لکھا گیا ہے کہ پارٹی کو یہ سوچنا چاہئے کہ آخر کیوں ان کی ہار کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جبکہ بقول بی جے پی اس کی قیادت والی حکومت نے ملک میں انقلاب برپاکیاہے۔بی جے پی کوجھٹکادیتے ہوئے جے ڈی ایس۔کانگریس اتحادکے امیدواروں نے منگل کو پانچ نشستوں میں سے چارپرجیت درج کی ہے۔گزشتہ ہفتہ ہوئے ان انتخابات میں لوک سبھا کی3 نشستیں اوراسمبلی کی2 نشستیں تھیں۔بی جے پی کے لئے یہ شکست زیادہ دردناک ہے کیونکہ وہ اپناگڑھ مانے جانے والی بیلاری نشست کانگریس کے ہاتھوں کھوبیٹھے۔شیوسینا نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں اتر پردیش سے جو شکست کا سلسلہ شروع ہوا، اس کے بارے میں بی جے پی کو خود غور اور خود احتسابی کرنا ہوگا لیکن بقول حکمران جماعت جب ملک میں سب کچھ اچھا ہو رہاہے اور انقلابی کام ہو رہے ہیں تو ایسے اس کی شکست کاسلسلہ کیوں نہیں روک رہاہے؟۔پارٹی نے کہا کہ بی جے پی (مختلف ضمنی انتخابات میں)کی شکست کانگریس میں نئی جان پھونک دے گی۔